اقوام متحدہ کے انسداد کورونا ویکسین فراہمی کے پروگرام کوویکس کے تحت ماڈرنا ویکسین کی مزید 30 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچا دی گئیں۔
اقوام متحدہ کے غریب اور ترقی پذیر ممالک کو کورونا وبا پر قابو پانے کیلئے شروع کیے گئے پروگرام کوویکس کے تحت پاکستان کو ماڈرنا ویکسین کی مزید 30 لاکھ خوراکیں اسلام آباد پہنچائی گئیں۔ ویکسین کی یہ کھیپ غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے لائی گئیں۔ کوویکس نے پاکستان کو موڈرنا کورونا ویکسین مفت فراہم کی ہے۔ موڈرنا پاکستان کو کوویکس سے ملنے والی پانچویں ویکسین کھیپ ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 32 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 23 ہزار 48 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 8 ہزار 446 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 752 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 53 ہزار 238، سندھ میں 3 لاکھ 67 ہزار 92، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 41 ہزار 925، بلوچستان میں 29 ہزار 571، گلگت بلتستان میں 7 ہزار 747، اسلام آباد میں 85 ہزار 780 جبکہ آزاد کشمیر میں 23 ہزار 93 کیسز رپورٹ ہوئے۔